ایران نے کوئٹہ میں ٹرین کے قریب ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی، تعاون اور علاقائی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف ایک ملک کی نہیں بلکہ پوری عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اپنے بیان میں اسماعیل بقائی نے کوئٹہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مخالفت کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :کوئٹہ دھماکہ قابل مذمت،بزدلانہ حملے انسانیت کے خلاف جرم ہیں، وزیر اعظم بنگلہ دیش
دوسری جانب پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس گھناؤنے فعل کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور سرپرست انسانیت دشمن ذہنیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی ہے جس کی کسی بھی صورت حمایت نہیں کی جا سکتی۔
یہ بھی پڑھیں : دہشتگرد بلال شاہوانی ایک گمشدہ شخص سے خودکش بمبار تک

