گوجرانوالہ میں آٹے کے 15 کلو والے تھیلے کی قیمت میں 150 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد یہ تھیلا 1250 روپے سے بڑھ کر 1400 روپے کا ہو گیا۔
10 کلو کا بیگ بھی مارکیٹ سے غائب ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی تندور مالکان نے بھی روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ شہر میں 12 روپے میں ملنے والی روٹی اب 15 روپے کی فروخت ہو رہی ہے۔یہ تبدیلیاں گوجرانوالہ میں مہنگائی کی بڑھتی ہوئی لہر کی عکاسی کرتی ہیں، جس سے عوام کی روزمرہ کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
رواں ماہ کے دوسرے ہفتے کے آخر میں ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں اضافہ ہوا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، کراچی میں یہ قیمت 2200 روپے تک پہنچ گئی، جس کی وجہ سے شہری مہنگے آٹے کی خریداری کے لیے مجبور ہو رہے ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اسی طرح حیدر آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2000 روپے، خضدار میں 1950 روپے، اسلام آباد میں 1946.67 روپے، راولپنڈی میں 1933.33 روپے اور کوئٹہ میں 1880 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
بنوں میں آٹے کا تھیلا 1850 روپے، لاڑکانہ میں 1840 روپے، اور پشاور و سرگودھا میں 1800 روپے تک دیکھا گیا۔ اسی طرح، سیالکوٹ، بہاولپور، اور گوجرانوالہ میں بھی آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1800 روپے تک پہنچ گئی۔
سکھر میں یہ قیمت 1780 روپے اور ملتان میں 1733.33 روپے تک ہے، جبکہ لاہور اور فیصل آباد میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1700 روپے تک پہنچ گئی تھی۔
تاہم تازہ ترین جاری اعدادو شمار کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی میں 0.22 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ، مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 15.15 فیصدہوگئی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ملک بھر میں ایک ہفتے میں13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 10 اشیاء سستی اور 28 کی قیمتیں مستحکم رہیں، ایک ہفتے میں آلو 3.33 فیصد مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ لہسن 2.97 اور دال مونگ کی قیمت میں 2.84 فیصد اضافہ ہوا، انڈے 2.02، کیلے 0.75 اور ٹماٹر 0.48 فیصد مہنگے ہوئے ۔ گھی 0.36، جلانے والی لکڑی 0.29 اورسیگریٹس 0.08 فیصد مہنگے ہوئے ہیں ۔
حالیہ ہفتے چکن 7.12 اور پیاز 5.07 فیصد سستے ہوئے، گڑ 2.07، آٹا 1.16 اور چینی 0.77 فیصد سستی ہوئی، ایل پی جی، چاول اور دال چنا کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔