واشنگٹن: بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے مطالبے پر کانگریس کے اراکین کی جانب سے صدر بائیڈن کو بھیجا گیا خط موصول ہوگیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ خط کا جواب مناسب وقت پر دیا جائے گا۔ ترجمان میتھیو ملر نے اپنی پریس بریفنگ میں تصدیق کی کہ صدر بائیڈن کو بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کانگریس کے اراکین کا خط ملا ہے اور اس پر جواب مناسب وقت پر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کی حمایت کرتا ہے۔
ایک صحافی نے امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری کی اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے ملاقات کے بارے میں سوال کیا، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ اور بہنوں کی رہائی کا حوالہ دیا۔ ترجمان نے جواب میں کہا کہ ملاقات کے دوران پاکستان میں بنیادی آزادیوں کے احترام پر بات ہوئی۔
جب صحافی نے پوچھا کہ کیا امریکا نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ اور بہنوں کی رہائی میں کردار ادا کیا، تو ترجمان نے جواب دینے سے گریز کیا اور مزید تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔