عظمت گل
خیبر پختونخوا میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی )کو کروڑوں روپے مالی معاونت فراہم کرنے والے سرکاری اہلکار کو کاونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا نے گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی )کو مالی معاونت فراہم کرنے والے سرکاری اہلکار کو کاونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ٹی ٹی پی کمانڈر،سی ٹی ڈی اہلکار اور 2 قبائلی ملکان فرار ہوگئے جبکہ ایک اہلکار سمیت تین ملوث افراد کوگرفتار کرلیاہے ۔
کاونٹر ٹیر رازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی ) خیبر نعمان، سپاہی گل زداہ اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی )کمانڈرسمیت پانچ افراد نےطورخم پر افغان شہری کو جعلی چھاپےکے دوران کارگو ٹرک سے 12کلو سونا لوٹ لیا۔ جعلی چھاپے کی ٹیم میں ملک تاج محل، حیات آفریدی، محمداللہ کامران، سی ٹی ڈی خیبر انچارج نعمان اورسپاہی گل زاداہ شامل تھے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق سونا لوٹنے والے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی ) کوفنڈنگ کی اطلاع سی ٹی ڈی خیبر ایس پی کو موصول ہوئی جس پر کاروائی کا آغاز ہوااس دوران ایس پی خیبرکو اے ایس آئی نعمان کی جانب سے پانچ کروڑ کی آفر ہوئی۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی خیبر کے سپاہی گل زداہ نےگرفتاری کے بعد پورے گروپ کی نشاندہی اور تفتیش کے دوران بتایا کہ انہوں نے اے ایس آئی نعمان کو موقع وارادت پر کہا کہ ایس پی خیبر کے نوٹس میں لانا ضروری ہے جس پرسی ٹی ڈی خیبر انچارج نعمان نے کہا کہ ایس پی کے نوٹس میں ہے جبکہ انکا منہ بند رکھنے کےلئے 20 لاکھ روپے آفر دی گئی۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دوران تفتیش معلوم ہونے پرپشاور سے ندیم صراف سمیت زرگر و صراف اصغر کو بھی گرفتار کرلیا جنہوں نے تفتیش میں منصوبہ ساز بے نقاب کیا ۔ اس سلسلے میں سی ٹی ڈی خیبر نے ایف آئی آر درج کرکے گرفتاریاں کرکےسونا برآمدکرلیا ۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق پشاور کے ندیم اور اصغر نے ملکر ڈھائی کلو سوناخریدا جس کی قیمت پانچ کروڑ 47 لاکھ روپےبنتی ہے ادا کی اس کے علاوہ سونے کو ضلع خیبر سے پشاور گلبہار تک گاڑی میں منتقل کیا گیاجبکہ 38 تولہ سونا جس میں 30 تولے اشفاق نامی زرگر اور ڈھائی کلواصغراور حافظ عمیر کو فروحت کیا گیا۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم کے سرکردہ کمانڈرمحمداللہ اور سیف اللہ کو تمام رقم منتقل کی گئی اس کے علاوہ کمانڈر محمداللہ اور سیف اللہ القاعدہ کے سابقہ کمانڈر فرمان عرف شپونکے کابھائی ہے جو 2006 سے 2013تک ان سے منسک رہے اور افغانستان میں 2013 میں ڈرون حملے میں مارا گیا تھا۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم کے کمانڈر محمداللہ کوفنڈنگ ہو چکی ہے جبکہ ماسٹر مائنڈ افغانستان میں ہے ۔ سی ٹی ڈی خیبرایس پی شوکت خان نے افسران کے نوٹس میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کرکے تمام ملزمان کو نامزد کیا جبکہ ضلع خیبر میں نامزد ملزم ملک حیات خان کے گھر چھاپا مار کرچار کلاشنکوف سمیت کارتوس اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔ پشاور سے گرفتار دونوں صراف ندیم اور اصغر کو انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ پرسی ٹی ڈی کے حوالے کردیا ہے۔