پنجاب میں گھی کی قیمتیں بے قابو ہو گئیں۔ گھی کی روز بروز بڑھتی قیمتوں نے غریب عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے کیونکہ ایک ماہ کے دوران گھی کی قیمتیں 80 روپے تک بڑھ چکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق درجہ اول گھی کی قیمت 40 روپے اضافے کے ساتھ 550 روپے فی کلو تک جا پہنچی جبکہ درجہ دوم اور سوم کی قیمتیں بھی 40 سے 80 روپے تک بڑھ گئی ہیں۔ ڈیلرزکے مطابق گھی اور تیل کے ریٹ بڑھتے جارہے ہیں تاہم یہ سمجھ نہیں آ رہا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ کا اثر ہے یا ہمارے معاشی حالات ایسے ہیں۔
آئل ڈسٹری بیوٹرز نے انکشاف کیا کہ ملک میں گھی کی قیمت مقرر کرنے کے لیے کوئی ریگولیٹری اتھارٹی موجود نہیں ہے، جس کی وجہ سے مینوفیکچررز خود ہی اپنے نرخ طے کرتے ہیں اور انہیں لاگو کر دیتے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ملک بھر میں ایک ہفتے میں13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 10 اشیاء سستی اور 28 کی قیمتیں مستحکم رہیں، ایک ہفتے میں آلو 3.33 فیصد مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ لہسن 2.97 اور دال مونگ کی قیمت میں 2.84 فیصد اضافہ ہوا، انڈے 2.02، کیلے 0.75 اور ٹماٹر 0.48 فیصد مہنگے ہوئے ۔ گھی 0.36، جلانے والی لکڑی 0.29 اورسیگریٹس 0.08 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔