پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سابق قومی کپتان اور اولمپئین ناصر علی سمیت 5 افراد پر تاحیات پابندی عائد کر دی۔
فیڈریشن کے صدر طارق بغتی اور سیکریٹری اولمپئین رانا مجاہد نے یہ اعلان پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ پاکستان ہاکی کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ متوازی فیڈریشن بنانے پر پانچ افراد پر تاحیات پابندی لگائی گئی ہے۔
جن کھلاڑیوں پر پابندی عائد کی گئی ان میں اولمپئین ناصر علی، اولمپئین خالد بشیر، اولمپئین سلیم ناظم، انٹرنیشنل حیدر علی اور علی عباس شامل ہیں۔ طارق بغتی نے کہا کہ کانگریس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ متوازی باڈی لانے والوں پر تاحیات پابندی عائد کی جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور ان کے مشیر رانا ثنا اللہ کی مکمل حمایت حاصل رہی جبکہ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے بھی اپنی حمایت کا یقین دلایا اور کراچی میں عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کا چارج دلانے میں مدد فراہم کی۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہاکی اسٹیڈیم پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ملکیت ہے اور لاہور و کراچی کے ہاکی اسٹیڈیم کے حالات میں بہتری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے قومی ہاکی ٹیم کو مدعو کیا اور ان کی کامیابی کو سراہا جبکہ قومی ہاکی کھلاڑیوں کے لیے سی ایم ایچ کے میڈیکل کارڈ فراہم کیے گئے۔