محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران تیز ہواؤں، گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم خشک اور دن کے وقت گرم رہنے کی توقع ہے، جبکہ بعد از دوپہر تیز ہوائیں چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا اور میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
شام اور رات کے وقت چترال، دیر، سوات، باجوڑ، کرم، خیبر، وزیرستان اور اس کے اطراف کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم دوپہر اور شام کے وقت جنوبی اضلاع میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
مری، گلیات اور قریبی علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ شام اور رات کے اوقات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہےسندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعد از دوپہر کچھ علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کا امکان ہے بعد از دوپہر گرد آلود اور تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے،شام اور رات کے اوقات میں کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم شام کے ا وقات میں کشمیر کے بعض علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے۔