حکومت نے غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کو ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق حج اخراجات کی قسطوں میں ادائیگی کی تجویز وفاقی کابینہ کو بھیج دی گئی ۔ اگر کابینہ اس تجویز کی منظوری دے دیتی ہے تو عازمین کو یکمشت رقم جمع کرانے کی بجائے تین قسطوں میں ادائیگی کی سہولت میسر آئے گی۔
تجویز کے تحت عازمین حج سے 11 لاکھ روپے تین اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔ حج پر جانے کے خواہشمند افراد 2 لاکھ روپے دے کر درخواست دے سکیں گے اور اگر قرعہ اندازی میں نام آتا ہے تو مزید 4 لاکھ روپے جمع کرانے ہوں گے۔
باقی رقم حج پر روانگی سے قبل جمع کرانا لازم ہوگا۔ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اقساط میں ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے کا مقصد غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس مقدس سفر سے فائدہ اٹھا سکیں۔