ہونڈا سی ڈی 70 پاکستانیوں میں مقبول ترین موٹرسائیکل سمجھی جاتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس کی قیمتوں پر خصوصی نظر رکھی جاتی ہے۔ نومبر 2024 میں بھی اس موٹرسائیکل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
ہونڈا سی ڈی 70 کئی دہائیوں سے لوگوں کی پہلی پسند رہی ہے، حالانکہ اس کے ڈیزائن اور ساخت میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اس کی مقبولیت کی اہم وجوہات میں کمپنی کی پیش کردہ ریلائی ایبلیٹی، ایندھن کی بچت، اور سستی خصوصیات کا بہترین امتزاج شامل ہیں۔ اس سال کے آغاز میں، ہونڈا نے سی ڈی 70 کے 2025 ماڈل کو نئے اسٹیکر ڈیزائن کے ساتھ متعارف کرایا، جو ایندھن کے ٹینک اور سائیڈ کور پر لگائے گئے ہیں۔
یہ موٹرسائیکل 70 سی سی فور اسٹروک، ایئر کولڈ انجن سے لیس ہے، جو دیرپا کارکردگی اور ایندھن کی بچت کے لیے مشہور ہے۔ شہری علاقوں میں سفر اور مختصر فاصلوں کے لیے یہ انجن مناسب طاقت فراہم کرتا ہے، جو اسے روزمرہ کے استعمال کے لیے بہترین بناتا ہے۔
نومبر 2024 تک ہونڈا سی ڈی 70 سرخ اور سیاہ دونوں رنگوں میں 1,57,900 روپے کی قیمت پر دستیاب ہے۔ یہ موٹرسائیکل نہ صرف خریدنے کے لحاظ سے سستی ہے بلکہ اس کی دیکھ بھال کے اخراجات بھی کم ہیں، جس کی وجہ سے مختلف طبقوں کے صارفین میں اس کی مقبولیت مزید بڑھ گئی ہے۔
اس کی اہم خصوصیات میں بہترین ایندھن کی اوسط، پارٹس کی آسان دستیابی، کم دیکھ بھال کے اخراجات، اور اچھی ری سیل ویلیو شامل ہیں، جو اسے روزمرہ کے استعمال کرنے والوں کے لیے ایک مکمل پیکج بناتی ہیں۔ ہونڈا سی ڈی 70 سرخ اور سیاہ دو رنگوں میں دستیاب ہے، مقامی مارکیٹ میں سرخ رنگ کی مانگ زیادہ ہے۔