ٹھل: ایک افسوسناک واقعے میں مسافر کوچ کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال ٹھل منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ یہ حادثہ بلوچستان سے پنجاب جانے والی کوچ کے ساتھ پیش آیا جو اے سیکشن تھانے کی حدود میں واقع ہوا۔
اس سے قبل، گھوٹکی میں ایم فائیو موٹر وے کے قریب مسافر کوچ اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم ہوا، جس میں 8 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں اور گھوٹکی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں و لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو گھوٹکی کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق اس اندوہناک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین، 2 بچے اور 3 مرد شامل ہیں۔ مسافر کوچ پنجاب سے کراچی جا رہی تھی۔