پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی وزیراعلیٰ کے پروٹوکول میں پشاور واپس پہنچ گئی ہیں، جہاں وہ کچھ دنوں کے لیے وزیراعلیٰ ہاؤس کی انیکسی میں قیام کریں گی۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کو خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے خصوصی پروٹوکول کے ساتھ لاہور سے پشاور منتقل کیا گیا۔ تین روز قبل وہ اپنے شوہر عمران خان کی ہدایت پر لاہور پہنچی تھیں۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کی تھی، جس کے بعد وہ جیل سے رہا ہوئی تھیں۔ وہ توشہ خانہ کیس میں مجموعی طور پر 9 ماہ جیل میں رہیں اور 31 جنوری کو انہیں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ان کے قیام کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ بشریٰ بی بی نے حال ہی میں اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد لاہور کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد اب وہ دوبارہ پشاور پہنچ چکی ہیں۔