آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے صوبائی حکومت کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے 5ویں کلاس تک کے بچوں کی چھٹیوں کے اعلان پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا۔
فیڈریشن کے رہنما کاشف مرزا نے کہا کہ سموگ کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند کرنا ایک موثر حل نہیں ہےکیونکہ اس سے مڈٹرم امتحانات متاثر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نجی اسکولوں نے سموگ کے اثرات کم کرنے کے لیے اپنے اوقات کار میں تبدیلی کی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ سکولز بند کرنے کے بجائے گرین سکولز اور گرین انرجی کو فروغ دیا جائے۔
یاد رہے کہ 3 نومبر کو پنجاب حکومت نے ایئر کوالٹی انڈیکس کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر لاہور کے پرائمری سکولوں میں چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
اس نوٹیفکیشن کے مطابق 4 نومبر سے 9 نومبر تک 5ویں جماعت تک کی تمام کلاسیں بند رہیں گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر (DEA) لاہور کو احکامات کی تعمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نےیہ فیصلہ پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 1997ء کے تحت جاری کیا ۔