عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یوسف اڈیالہ جیل پہنچ گئے، جہاں وہ عمران خان سے ملاقات اور ان کا طبی معائنہ کریں گے۔
ڈاکٹر عاصم یوسف کے ساتھ پمز ہسپتال کے تین دیگر ڈاکٹر بھی موجود ہیں، جو اس میڈیکل بورڈ کا حصہ ہیں جو عمران خان کی صحت کا جائزہ لے گا اور ان کی طبی حالت کی رپورٹ تیار کرے گا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ یہ معائنہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔ ڈاکٹر عاصم یوسف کی موجودگی سے یہ امید کی جا رہی ہے کہ وہ عمران خان کی صحت کی صورتحال کا مکمل اندازہ لگا سکیں گے۔