پاکستان کے مایہ ناز کوہ پیما ساجد علی سدپارہ نے ایک اور تاریخی کامیابی اپنے نام کرتے ہوئے دنیا کی پانچویں بلند چوٹی ماؤنٹ مکالو کو سر کر لیا ہے، نیپال میں واقع اس خطرناک اور بلند چوٹی کی اونچائی 8 ہزار 845 میٹر ہے، جسے دنیا کی مشکل ترین چوٹیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ساجد علی سدپارہ صبح تقریباً 5 بجے ماؤنٹ مکالو کی چوٹی پر پہنچے، سخت موسمی حالات، برفانی ہواؤں اور دشوار گزار راستوں کے باوجود انہوں نے ثابت قدمی اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ سنگ میل عبور کیا، ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی محنت اور عزم کا نتیجہ ہے بلکہ پاکستان کے لیے بھی فخر کا باعث بنی ہے۔
یہ ساجد علی سدپارہ کے کیریئر کی دسویں 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹی ہے، جو ان کے غیر معمولی تجربے اور مسلسل کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے،اس سے قبل بھی وہ دنیا کی کئی بلند چوٹیوں کو بغیر اضافی آکسیجن اور کم سے کم سہولیات کے ساتھ سر کر چکے ہیں، جو انہیں دنیا کے ممتاز کوہ پیماؤں میں شامل کرتا ہے۔
ساجد علی سدپارہ معروف کوہ پیما مرحوم علی سدپارہ کے صاحبزادے ہیں، جنہوں نے بھی کوہ پیمائی کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا تھا۔اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ساجد سدپارہ مسلسل نئی بلندیاں چھو رہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں ماؤنٹ مکالو کو سر کرنا ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ یہ چوٹی اپنی تیز ڈھلوانوں، برفانی طوفانوں اور غیر متوقع موسم کی وجہ سے انتہائی خطرناک سمجھی جاتی ہے۔