اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے مبین عارف جٹ کی 2 مختلف کیسز میں حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق سلام آباد ہائی کورٹ میں مبین عارف جٹ کے خلاف گوجرانوالہ میں درج 2 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ ایک کیس کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی جبکہ دوسرے کیس کی سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی۔
مبین عارف جٹ کی جانب سے وکلاء آمنہ علی ایڈوکیٹ اور رضوان اختر ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے مبین عارف جٹ کی درخواست پر حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 50 ہزار روپے اور جسٹس محسن اختر کیانی نے 20 ہزار روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
اس کے علاوہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مبین عارف جٹ کو ایئرپورٹ پر گرفتاری سے بھی روک دیا اور انہیں 11 نومبر تک ہائیکورٹ میں سرنڈر کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ مبین عارف جٹ کے خلاف گوجرانوالہ میں دو مختلف مقدمات درج ہیں، اور وہ اس وقت بیرون ملک ہیں۔