امریکی صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو دنیا بھر سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان اور امریکہ کے مابین مضبوط اور وسیع تر شراکت داری کیلئے نئی انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری بار تاریخی کامیابی حاصل کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتا ہوں۔
جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ ٹرمپ کی انتظامیہ عالمی تنازعات کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی اور امن کو ترجیح دے گی۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ وہ نئی امریکی انتظامیہ سے امن و استحکام کی توقع رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخاب میں ریپبلکنز امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 277 الیکٹورل ووٹ حاصل کرلیے ہیں اور امریکا کے 47 ویں صدر منتخب ہوگئے جبکہ ان کی مدمقابل ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس اب تک 238 الیکٹورل ووٹ حاصل کرسکی ہیں۔