لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کی شدت کے پیشِ نظر پنجاب بھر میں مارکیٹس رات 8 بجے تک بند کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے پنجاب بھر میں مارکیٹیں 8 بجے بند کرنے اور اتوار کے روز بھی تمام مارکیٹس بند رکھنے کی ہدایت کر دی۔ اسموگ کےتدارک کے لیے شہری ہارون فاروق اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کے دوران جسٹس شاہد کریم نے سخت ریمارکس دیے۔سماعت کے دوران عدالت نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی شہر میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا بھی حکم دیا۔
اس کے علاوہ موٹر وے اور رنگ روڈ پر ٹرک اور ٹرالرز کے داخلے پر بھی پابندی لگائی گئی۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ٹرک اور ٹرالر سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے بڑے سبب ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈولفن پولیس اور پولیس اہلکار ہیوی ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے تعینات کیے جائیں ۔
عدالت نے سموگ کی وجہ سے ہونے والی آلودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصل آلودگی کا باعث ہیوی ٹریفک کا دھواں ہے۔جسٹس شاہد کریم نے یہ بھی کہا کہ اگر لاریوں اور بسوں کو نوٹس دیا گیا ہے تو ابھی تک وہ بند کیوں نہیں کی گئیں ؟۔ انہوں نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی بسوں پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے تو وہ کیسے ٹھیک نہیں ہوں گی؟۔
اس کے علاوہ جسٹس شاہد کریم نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیوں کو سڑکوں پر کیسے چلنے کی اجازت دی جا سکتی ہے؟یہ اقدامات حکومت کی مدد کے لیے کیے جا رہے ہیںاور اگر ڈی سی اور کمشنر کو حکومت کا دباؤ ہو تو وہ کام کریں گے۔
عدالت نے سموگ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈی سی لاہور اور کمشنر کو رات کے وقت نکل کر دیکھنا چاہیے کہ کیا ہو رہا ہے۔عدالت کا مزید کہنا تھا کہ ایسا حکم نہیں دینا چاہتے جس پر عملدرآمد ممکن نہ ہو۔