اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو منگل کو عمران خان سے پارٹی لیڈرز کی ملاقات کرانے کی ہدایت کردی ۔
تفصیلات کے مطابق جج سردار اعجاز اسحاق کا کہنا ہے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کون کرے گا؟جیل حکام اور بانی کوآرڈینیٹر کا تنازع سامنے آیا ہے،فیملی فرینڈز وکلاءجن سے بانی پی ٹی آئی ملاقات متوقع ہے وہ لسٹ عدالت میں جمع کرآئینگے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بانی پی ٹی آئی سے لسٹ لیکرایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو بھیجیں گے،امید ہے اس سے جیل حکام اور بانی پی ٹی آئی کے وکلا ءکے مابین تنازع ختم ہو جائیگا، میں کمیشن تشکیل دو نگا وہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملے گا،عدالت نے آنے والی لسٹ کی کاپی پی ٹی آئی کے سیکرٹری سلمان اکرم راجہ کو بھی بھیجنے کی ہدایت کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی،جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے درخواست پر سماعت کی،بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید چودھری ،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم ،ایڈووکیٹ جنرل ایاز شوکت عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
فیصل چودھری ایڈووکیٹ کا کہنا ہےکہ گزشتہ روز میٹنگ کا شیڈول تھا لیکن میٹنگ نہیں کروائی گئی،بتایا گیا ہے کہ اڈیالہ روڈ بلاک تھی، جس سے عام لوگ بھی متاثر ہوتے ہیں،اسد قیصر، شبلی فراز ان کو بھی اڈیالہ جیل کے باہر روکا گیا، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہاکہ ہم نے اس توہین عدالت کے کیس میں جواب جمع کرایاہے۔
اپنے جواب میں واضح کیا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق 3کوآرڈینیٹرز ہیں،ہمیں کوئی لسٹ نہیں دی گئی کہ یہ 6 لوگ ملنا چاہتے ہیں،فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے کہاکہ انتظار پنجوتھا کوآرڈینیٹر تھے جو لاپتہ ہوئے تھے،ہم نے لسٹ دی تھی، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ کہہ رہے ہیں لسٹ نہیں دی، یہ کہہ رہے ہیں لسٹ دی ہے۔
آپ یہ بتائیں ان کی میٹنگ کب کرائیں گے؟یہ لسٹ آپ کو ابھی دیتے ہیں،سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہاکہ ہمارے ڈاکٹر دن میں 3مرتبہ بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کرتے ہیں،عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے استفسار کیا کہ آپ یہ بتائیں کل کیوں ملاقات نہیں کر اسکتے؟سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کہاکہ ان کی ملاقات منگل اور جمعرات کو طے ہے،ان دنوں کے علاوہ ہمیں ہائی پروفائل ہونے کی وجہ سے سکیورٹی انتظامات کرنا ہوتے ہیں۔
ہم تو ہمیشہ عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہیں،فیصل چودھری توروزانہ 8گھنٹے ملتے ہیں، یہ پھر بھی شکایت کررہے ہیں،ایڈووکیٹ جنرل نےکہاکہ 13ستمبر کو اس عدالت نے آرڈر کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئ کے 3کوآرڈینیٹر ہونگے،عدالتی حکم میں یہ کہا گیا تھا کہ چیف کوآرڈینیٹر جو نام دے گا اسی کو ملانا ہوگا، عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے منگل کے روز ملاقات کرانے کی ہدایت کردی۔