عمران خان نے جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دینے کی غلطی کا اعتراف کرلیا

عمران خان نے جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دینے کی غلطی کا اعتراف کرلیا

سابق وزیراعظم عمران خان نے اعتراف کیا ہے کہ جنرل باجوہ کو توسیع دینا ان کی سب سے بڑی غلطی تھی اور کمزور اتحادی حکومت کے بجائے انہیں دوبارہ انتخابات کرانے چاہیے تھے۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں اور وکلا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اگر میں نے نواز شریف اور آصف زرداری کی طرح چوری کی ہوتی تو میں بھی ڈیل کر کے ملک سے بھاگ کیا ہوتا، انہوں نے کہا کہ میرا نام مستقل طور پر ای سی ایل پر ڈال دیا جائے کیونکہ میں کسی صورت ملک سے نہیں جائوں گا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی 9 مئی جلائو گھیرائو کے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور

عمران خان نے کہا کہ میں اپنی دو اہم غلطیوں کو تسلیم کرتا ہوں، جن میں ایک جنرل باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع دینا اور دوسرا کمزور اتحادی حکومت بنانا  ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دوبارہ انتخابات کروانے چاہیے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حقیقی جمہوریت کے لیے صاف اور شفاف انتخابات، آزاد عدلیہ، قانون کی بالادستی اور احتساب کی ضرورت ہے۔ اگر یہ سب نہ ہو، تو انتخابات کا انعقاد ڈکٹیٹر بھی کروا سکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اس وقت میڈیا پر مکمل سنسرشپ نافذ ہے اور حکومت نے آئین میں ترمیم کرکے سپریم کورٹ پر بھی قبضہ کر لیا ہے، جس سے اب کوئی ان سے پوچھنے والا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو شکست دینے کے لیے قاضی فائز عیسیٰ اور چیف الیکشن کمشنر نے ایک معاہدہ کرکے مینڈیٹ چوری میں حکومت کی مدد کی۔ ان کے مطابق اس غیر آئینی نظام نے آئینی ترامیم کے ذریعے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے اپنی پارٹی کی قیادت کو احتجاجی تحریک کی تیاری کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج کی قیادت تحریک انصاف کی مشترکہ قیادت کرے گی اور جو ٹکٹ ہولڈر یا عہدیدار احتجاج میں شریک نہیں ہوگا اس کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی اور آزاد عدلیہ کے لیے عوام کو کھڑا ہونا پڑے گا اور انہیں اس حکومت کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہونا ہوگا تاکہ پاکستان میں جمہوریت کا خاتمہ نہ ہو۔
عمران خان نے کہا کہ وہ غلامی سے موت کو بہتر سمجھتے ہیں اور اگر انہیں ملٹری کورٹس میں لے جایا جاتا ہے تو وہ اس کے لیے بھی تیار ہیں، لیکن وہ کسی صورت بھی غلامی قبول نہیں کریں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *