ملتان: ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل ملتان نے آن لائن مالیاتی فراڈ اور دھوکہ دہی میں ملوث تین منظم گروہوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان کو خانیوال جھنگ اور ملتان کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عمران، عرفان علی، شفقت علی، محمد غازی، محمد شاہد، محمد سمیر، محمد شہزاد اور محمد دانش کے نام سے ہوئی ہے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ ملزمان نے سپوفنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سادہ لوح شہریوں کو کالز کر کے ان سے رقم بٹوری۔
ملزمان اپنے آپ کو بینک نمائندہ، پولیس انسپکٹر اور ویزا ایجنٹ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتے تھے۔ وہ اکثر متاثرین کو یہ جھانسہ دیتے تھے کہ ان کے رشتہ دار جعلی گرفتاری کے شکار ہیں اور ان کی رہائی کے لیے رقم کا مطالبہ کرنے کے علاوہ ملزمان بینک صارفین کی خفیہ معلومات حاصل کرنے کے لیے بھی مختلف طریقے استعمال کرتے تھے، جن میں بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اور کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈز کی معلومات شامل تھیں۔
ملزمان نے انٹرنیشنل نمبرز کا استعمال کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم صارفین کو بھی نشانہ بنایا۔ وہ انگریزی اور عربی زبان میں مہارت رکھتے تھے اور اسی مہارت کو استعمال کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو لوٹتے تھے۔
ملزمان کے قبضے سے 10 موبائل فونز، بینک ٹرانزیکشن سلپس، فارن بینک اکاؤنٹ سلپس اور 25 نیشنل اور انٹرنیشنل سمز بھی برآمد کی گئیں۔ علاوہ ازیں ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ گروہ نہ صرف پاکستان بلکہ مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک میں بھی اپنے فراڈ نیٹ ورک کو پھیلا چکا تھا۔ اس نیٹ ورک کے ذریعے ملزمان نے بینک اکاؤنٹس، کریڈٹ کارڈز اور دیگر مالیاتی معلومات حاصل کر کے غیر قانونی طور پر رقوم نکالیں اور ان کا تبادلہ کیا۔ ان کارروائیوں میں استعمال ہونے والی غیر قانونی ایپس اور جعلی سم کارڈز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔