پنجاب میں سموگ کی شدت میں اضافہ ہونے پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان کو سموگ کے اثرات کم کرنے کے لیے تکنیکی مدد دینے کی پیشکش کردی۔
اس حوالے سے یو اے ای کے پاکستان میں سفیر حماد عبید ابراہیم سلام الذہبی نے سموگ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر کہا کہ نگران حکومت کے دوران اماراتی حکومت نے پاکستان کی مدد کی تھی۔
انہوں نےبتایا کہ اس دوران یو اے ای نے خصوصی طیارے بھیجے تھے جنہوں نے کلاؤڈ سیڈنگ کے ذریعے پاکستان کے کچھ علاقوں میں مصنوعی بارش برسائی۔ جس سےشہریوں کو سکون ملا اور سموگ کی شدت میں کمی آئی تھی۔
دوسری جانب پنجاب کے تمام اضلاع میں سموگ سے نمٹنے کے لیے ایئر پیوریفائرز نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس ضمن میں محکمہ ماحولیات پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عمران حامد شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے تمام شاپنگ مالز اور کمرشل پلازوں میں ایئر پیوریفائرز نصب کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایئر پیوریفائرز کی تعداد مناسب اور معقول نوعیت کی ہونی چاہیے تاکہ گاہکوں کو صاف ہوا فراہم کی جا سکے۔ یہ اقدام لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور دیگر ڈویژنز میں خراب ایئر کوالٹی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ محکمہ ماحولیات نے اس بات پر زور دیا ہے کہ شاپنگ مالز اور کمرشل پلازے گاہکوں کے لیے صاف اور صحت مند ہوا کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔