وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا سنائی جائیگی۔
تفصیلات کے مطابق رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ مجھے لگتا ہے عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں سزا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود ہی اپنے دشمن ہیں اور پی ٹی آئی جب بھی بات کرے گی وہ ہمارے ساتھ ہی کرے گی۔
رانا ثنا اللہ نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ترامیم کے لیے بندے اٹھانے کی بات درست نہیں بلکہ یہ سب ایک ڈرامہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ کس نے ڈرامہ کیا، یہ بات بانی اور پی ٹی آئی سب کو پتا ہے۔
اپوزیشن کیسا تھ مذاکرات کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے مگر اس بار وہ تفصیلات پہلے نہیں بتائیں گے۔ وزیرِ اعظم کے مشیر نے یہ بھی بتایا کہ محمود اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان کے ساتھ پی ٹی آئی کے لوگوں سے بھی رابطے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ سیاسی مسائل کا حل صرف سیاسی طریقوں سے ہی ممکن ہے۔