پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی حقیقی آزادی، عدلیہ کی بحالی اور پارٹی کے بے گناہ کارکنان و رہنماؤں کی آزادی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ چند روز میں مکمل تیاری کے ساتھ مارچ کی تاریخ دیں گے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ صوابی میں ہونے والے جلسے میں لائحہ عمل پیش کیا جا چکا ہے اور اس بار پی ٹی آئی کے کارکنان واپس گھروں کو نہیں جائیں گے۔ ان کا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آئین، جمہوریت، آزاد عدلیہ کی بحالی اور بے گناہ کارکنان و رہنماؤں کی آزادی حاصل نہیں کی جاتی۔
عمران خان نے تحریک انصاف کے عہدیداروں، ممبران اسمبلی، ناظمین، ٹکٹ ہولڈرز، کارکنان اور سپورٹرز سے کہا کہ وہ اپنی تیاری مکمل کریں اورگراؤنڈ پرموبلائزیشن کے لیے کام شروع کریں۔انہوں نے کہا کہ صوابی جلسہ میں ہم نے لائحہ عمل دیا ہے۔
اس بار ہمارے لوگ واپس گھروں میں نہیں جائیں گے۔ ہمارا احتجاج آئین، جمہوریت اور آزاد عدلیہ کی بحالی اور ہمارے بے گناہ کارکنان و رہنماؤں کی آزادی تک جاری رہے گا۔