ڈپٹی کمشنر ننکانہ تسلیم اختر راؤ نے 15 نومبر کو ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔
ڈپٹی کمشنرآفس نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی مناسبت سے 15 نومبر کو تعطیل کا اعلان کیا گیا۔
بابا گورونانک کی سالگرہ کی تقریبات 13 سے 16 نومبر تک ننکانہ صاحب میں جاری رہیں گی جن میں ملکی اور غیر ملکی ہزاروں سکھ یاتری شرکت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر 8 اضلاع کے تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے 13 نومبر سے 17 نومبر تک مکمل طور پر بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ ایئر کوالٹی انڈیکس میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، راولپنڈی، ڈی جی خان، سرگودھا اور ساہیوال میں تعلیمی اداروں کو بند رکھا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں، ساتھ ہی ساتھ ٹیوشن سینٹرز کو آن لائن تدریسی سیشنز پر منتقل کر دیا جائے گا۔صوبائی حکومت نے اس فیصلے کو فضائی آلودگی کے باعث سانس، آنکھوں اور گلے کی بیماریوں میں اضافے کے پیش نظر لیا ہے۔