چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک بھر میں بگڑتی سموگ کی صورتحال کے پیش نظر پاکستانیوں کو کراچی منتقل ہونے کا مشورہ دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر چیرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں کے ایئر کوالٹی انڈیکس کی تفصیلات کی تصویر شیئر کی ہے ۔
انہوں نے تصویر کی کیپشن میں لکھا کہ ” پیارے پاکستانیو! کراچی منتقل ہو جائیں”۔
واضح رہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں سموگ میں اضافہ ہوا ہے جس نے لوگوں کی زندگی مزید مشکل بنادی ہے ، شدید دھند اور بڑھتی ہوئی سموگ کے باعث ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشن بھی منسوخ کیے جا رہے ہیں، عوامی تحفط کے پیش نظر تمام بڑی موٹرویز کو بھی مختلف مقامات پر ٹریفک کے لئے بند کرنا پڑ رہا ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر کے سکولوں کو چھٹیاں ہیں، 50 فیصد سرکاری عملے کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں تمام آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں اور گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ لاہور میں 3 ماہ کے لئے شادیوں پر پابندیوں کی بھی تجاویز زیر غور ہیں۔
اسی طرح خیبرپختونخوا میں بھی سموگ کے بڑھنے سے شہری مختلف بیماریوں کا شکار ہوگئے ہیں اور نظام زندگی درہم برہم ہوکررہ گیا ہے۔