سموگ سے ستائے عوام کے لیے خوشخبری، محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جو کہ سموگ کی شدت میں کمی کے باعث عوام کو راحت فراہم کر سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ شام اور رات کے وقت بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں سموگ چھائے رہنے اور صبح اور رات کے اوقات میں شدید دُھند پڑنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم خشک رہے گا اور سموگ کے ساتھ صبح اور رات کے اوقات میں دُھند چھائی رہے گی۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں سردی بڑھنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا لیکن لاہور، قصور، اوکاڑہ، سیالکوٹ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، نارووال، اٹک، جہلم، چکوال، منگلہ، گجرات، گوجرانوالہ، سرگودھا، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، لیہ، بھکر، خانیوال، خانپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں سموگ چھائے رہنے اور رات کے اوقات میں شدید دُھند پڑنے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا لیکن سکھر، لاڑکانہ، کشمور، خیرپور اور گرد و نواح میں صبح اور رات کے اوقات میں دُھند چھائی رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا اور گلگت بلتستان میں شام یا رات کے اوقات میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور بالائی اضلاع میں سرد رہے گا تاہم شام یا رات کے دوران چترال، دیر، سوات، بٹگرام اور کوہستان میں بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
پشاور کی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) میں کمی آئی ہے اور اے کیو آئی 200 سے کم ہو کر 192 ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم ماہرین کے مطابق اے کیو آئی کی سطح 50 سے اوپر صحت کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ اور دھند کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث سموگ کی شدت میں کمی آ سکتی ہے تاہم شہری علاقوں میں دُھند کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔