ملک میں ایل پی جی کا بحران شدید ہونے کا خدشہ

ملک میں ایل پی جی کا بحران شدید ہونے کا خدشہ

پاکستان میں ایل پی جی کا بحران شدید ہونے کا خدشہ بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق موسم سرما کے آغاز پر ہی ملک میں ایل پی جی کی طلب میں اضافہ متوقع ہے۔ ایل پی جی ٹرانسپورٹرز، مارکیٹنگ کمپنیاں، پلانٹس اور آل پنجاب ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات منظور نہ کیے گئے تو وہ ملک بھر میں ایل پی جی کی دوکانیں بند کر دیں گے۔

مزید پڑھیں: سردیاں شروع ہوتے ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ

ایل پی جی ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز پولیس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جو تیسرے روز میں داخل ہو گیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے سینکڑوں کارکنان نے مختلف مقامات پر احتجاج کیا اور ملتان روڈ کو بار بار بلاک کیا۔ان کا کہنا ہے کہ ان کے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں وہ نہ صرف سڑکوں کو مزید بند کریں گے بلکہ ایل پی جی فروخت کرنے والی دوکانوں کو بھی بند کر دیں گے۔

ایل پی جی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز پولیس کے ساتھ ہونے والے مذاکرات دو بار ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مسائل حل نہ کیے تو وہ پورے سال کے لیے دھرنا دینے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ایل پی جی کی فراہمی بھی بند کر دیں گے۔

ایل پی جی ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کا موقف ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ غیر ضروری پابندیاں اور فیسیں ان کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہیں، جس سے ملک بھر میں ایل پی جی کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ بحران جاری رہا تو سردیوں میں ایل پی جی کی کمی شدت اختیار کر سکتی ہے، جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہو گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *