ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے یا مفاہمتی یادداشت پر آج دستخط سے متعلق خبروں کی واضح طور پر تردید کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی ترجمان نے کہا ہے کہ اتوار کے روز کسی بھی معاہدے یا مفاہمتی یادداشت پر دستخط نہیں ہو رہے اور اس مرحلے پر ایران کے جوہری معاملے پر کوئی باضابطہ بات چیت بھی زیر غور نہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ بعض ذرائع کی جانب سے سامنے آنے والی خبریں درست نہیں ہیں اور فی الحال ایسا کوئی حتمی فیصلہ یا وقت طے نہیں کیا گیا اس وقت صرف مختلف سفارتی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ کسی دستخطی تقریب کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں کسی مفاہمتی یادداشت یا معاہدے کے امکانات کو مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا، تاہم موجودہ صورتحال میں حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا۔
ترجمان نے زور دیا کہ اس حساس معاملے پر بیان دیتے وقت احتیاط ضروری ہے تاکہ غیر ضروری افواہوں اور قیاس آرائیوں سے بچا جا سکے،ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق اس وقت خطے کی صورتحال اور سفارتی روابط پر غور جاری ہے، تاہم کسی بھی معاہدے کے لیے وقت اور شرائط ابھی طے نہیں ہوئیں۔