پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹی20 میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی امپائرز کی نظروں سے اوجھل رہنے والی بڑی غلطی سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہوا اور 7، 7 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا، جس کے تحت ہر ٹیم کے لیے دو بالرز کو دو دو اوورز کروانے کی اجازت تھی جبکہ تین بالرز کو باقی تین اوورز کرانے تھے۔
تاہم محمد رضوان نے غلطی سے پاکستان کے تین فاسٹ بالرز شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف کو 2، 2 اوورز کروا دیے جو کہ قوانین کی خلاف ورزی تھی۔ اس غلطی کی طرف فیلڈ اور تھرڈ امپائرز نے بھی توجہ نہیں دی، جس کی وجہ سے پاکستان پنلٹی سےبچ گیا۔
یاد رہے کہ برسبین کے گابا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش کی وجہ سے مختصر ہو گیا تھا اور آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔اب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ کل بروز ہفتہ کھیلا جائے گا۔