پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو مزید دو ہفتے کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کی بندش کے حوالے سے جاری ہدایات کے تناظر میں، پی ٹی اے وفاقی حکومت کے احکامات پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
پی ٹی اے کے ذرائع کے مطابق غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو 30 نومبر تک مہلت دی جائے گی، اور یکم دسمبر سے ان وی پی اینز کے خلاف کارروائی شروع کر دی جائے گی۔ اس ضمن میں پی ٹی اے نے وی پی اینز کی بندش کے حوالے سے پہلے ٹرائل کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے، جبکہ دوسرا ٹرائل آئندہ دنوں میں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ وی پی اینز سیکیورٹی کے لحاظ سے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں، کیونکہ ان کے ذریعے حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ وی پی اینز قابل اعتراض مواد تک رسائی کا ذریعہ بھی بن سکتے ہیں، اور پی ٹی اے کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے مواد تک رسائی کو روکے۔