وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2025 کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کر دیا ہے۔ درخواستیں 18 نومبر سے 3 دسمبر 2024 تک وصول کی جائیں گی، اور قرعہ اندازی 6 دسمبر 2024 کو کی جائے گی۔
حج درخواست فارم کے ساتھ 2 لاکھ روپے کی پہلی قسط جمع کرانا ضروری ہے، جس کے بعد قرعہ اندازی کے 10 دن کے اندر 4 لاکھ روپے کی دوسری قسط جمع کرانی ہوگی۔ تیسری قسط کی ادائیگی 10 فروری 2025 تک کرنی ہوگی، جو بقیہ رقم پر مشتمل ہوگی۔
بنیادی حج پیکیج کی قیمت تقریباً 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان متوقع ہے۔ اس میں مکہ مکرمہ میں رہائش، کھانا، ٹرانسپورٹ، 5 لیٹر زمزم، لائف انشورنس اور دیگر بنیادی سہولتیں شامل ہیں۔ تاہم اضافی سہولتوں جیسے مکہ میں الگ کمرے کی رہائش اور قربانی کے اخراجات علیحدہ ہوں گے۔
مکہ میں الگ کمرے کی قیمت 2 بیڈز کے لیے 2 لاکھ 59 ہزار روپے اور 3 بیڈز کے لیے 86 ہزار 500 روپے ہوگی۔ قربانی کے اضافی اخراجات 55 ہزار 500 روپے یا 200 امریکی ڈالر کے قریب ہوں گے۔ سپانسر شپ سکیم کے تحت 5,000 نشستیں مختص کی گئی ہیں، جن میں درخواست گزاروں کو 4,225 امریکی ڈالر کی رقم بینک اکاؤنٹ میں جمع کرانی ہوگی۔
درخواست گزاروں کو قرعہ اندازی میں ترجیح دی جائے گی اگر یہ پہلی بار حج درخواست دے رہے ہوں۔ درخواست کی واپسی کی صورت میں، اگر درخواست گزار قرعہ اندازی سے پہلے رقم واپس لیتا ہے تو کوئی کٹوتی نہیں ہوگی، لیکن قرعہ اندازی کے بعد واپس کرنے پر مخصوص کٹوتیاں کی جائیں گی۔ اگر درخواست گزار انتقال کر جائے تو رقم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔
حج 2025 کے لیے مزید معلومات اور رہنمائی حاصل کرنے کے لیے وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا صفحات پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ وزارت نے حج ہیلپ لائن بھی قائم کی ہے جہاں درخواست گزار مدد حاصل کر سکتے ہیں۔درخواست گزار ان نمبرز پر 051-9216980, 051-9216981, 051-9216982, 051-9205696 رابطہ کر سکتے ہیں۔