متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں کیلئے ویزوں پر پابندی عائد کرنے کی وجوہات سے پردہ اٹھا دیا۔
یو اے ای حکام نے پاکستانی سفارت خانے کو مختلف سنگین الزامات اور تحفظات پر مبنی رپورٹ فراہم کردی۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق پاکستانی شہریوں پر یو اے ای کی حکومتی پالیسیوں پر تنقید، احتجاج اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یہ سرگرمیاں یو اے ای کے امیج کو نقصان پہنچا رہی ہیں اور دیگر قومیتوں کے مقابلے میں پاکستانی شہریوں کے خلاف ایسی شکایات کا تناسب زیادہ بتایا گیا۔
دستاویزات میں مزید کہا گیا ہے کہ کچھ پاکستانی افراد شناختی دستاویزات، بشمول پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈز میں جعلسازی میں ملوث پائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بھیک مانگنا، چوری، نوسربازی، جسم فروشی اور منشیات سے متعلق جرائم جیسے معاملات میں بھی پاکستانی شہریوں پر الزام عائد کیا گیا ہے۔
یو اے ای حکام نے ان تمام تحفظات سے پاکستانی سفیر کو آگاہ کیا اور رپورٹ میں کہا کہ ویزا پابندی کا فیصلہ یو اے ای حکومت کی اعلیٰ ترین سطح پر غور کے بعد کیا گیا۔