پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی ) نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اقدامات اورآفات سے نمٹنے کیلئے فنانسنگ کے ضمن میں 50کروڑڈالرکے معاہدے پردستخط کردیے۔
معاہدہ کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس اینہانسمنٹ پروگرام کے تحت کیا گیا ہے، معاہدے پر دستخطوں کی تقریب وزارتِ اقتصادی امور میں منعقد ہوئی، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے قبل ازیں اس معاہدے کی منظوری دی تھی۔
سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اورپاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹ ایما فان نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک کے کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر احد خان چیمہ نے کہا کہ معاہدے سے پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں کے اقدامات کو ترجیح دینے اور ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ کو ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت بڑھانے کے عزم کی عکاسی ہورہی ہے۔
سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے اس موقع پر کہا کہ معاہدے کامقصد پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے اور قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔