تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک اور انٹر کے امتحانی نظام میں اہم تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق میٹرک اور انٹر کےامتحانات میں گریس مارکس کو 3 سے بڑھا کر 5 کر دیا گیا کیونکہ پاسنگ مارکس 33 سے بڑھا کر 40 کر دیے گئے ہیں۔ انٹر بورڈ کوآرڈنیشن کمیٹی نے ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کو اس تبدیلی سے آگاہ کر دیا ہے۔
نئی پالیسی کے مطابق 35 نمبر حاصل کرنے والے امیدوار کو پانچ اضافی نمبر گریس مارکس کے طور پر دیے جائیں گے، جس سے انہیں پاس کیا جا سکے گا۔ آئی بی سی سی نے واضح کیا ہے کہ گریس مارکس زیادہ سے زیادہ دو مضامین میں دیے جا سکتے ہیں اور تین مضامین میں فیل ہونے کی صورت میں گریس مارکس نہیں ملیں گے۔
تعلیمی بورڈز نے گریس مارکس کو سات تک بڑھانے کی تجویز دی تھی تاہم آئی بی سی سی نے اس تجویز کو مسترد کردیا۔ تبدیلیاں آئندہ سال یعنی مارچ اور اپریل 2025 میں ہونے والے امتحانات میں نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔ پیپر چیکرز کو نئی تبدیلیوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا تاکہ امتحانات کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔