پاکستان پیپلز پارٹی نے باضابطہ طور پر پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی مانگ لی۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو ایک خط لکھا ہے جس میں پی اے سی کے اجلاس کے انعقاد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اراکین نے اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کروا رکھی ہے اور اگر اسپیکر ایاز صادق اجلاس نہیں بلاتے تو پیپلز پارٹی نے خود اجلاس بلانے کا عندیہ دیا ہے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اپنے خط میں کہا ہے کہ جب تک پبلک اکائونٹس کمیٹی کے لیے مستقل چیئرمین نہیں منتخب کیا جاتا، کمیٹی کے اراکین خود اپنا چیئرمین منتخب کرنے کے عمل کا آغاز کریں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے پی اے سی کی سربراہی کے لیے تحریک انصاف سے چیئرمین کے لیے ناموں کا پینل طلب کیا ہے۔
سابق سپیکر اسد قیصر نے بھی اس معاملے پر سپیکر ایاز صادق سے ملاقات کی ہے۔ تحریک انصاف پی اے سی کا چیئرمین شیخ وقاص اکرم کو بنانے پر بضد ہے، جبکہ مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔
یاد رہے کہ موجودہ حکومت کے وجود میں آنے کے بعد پارلیمنٹ کی سب سے اہم کمیٹی پی اے سی اپنے چیئرمین کا انتخاب نہیں کرسکی۔