پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن اسمبلی مینا خان آفریدی نے پی ٹی آئی کے احتجاج سے قبل ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اٹک غیاث خان کا آزاد ڈیجیٹل کو دیے گئے انٹرویو کے بعد ایک پولیس اہلکار کو دھمکی آمیز لہجے پر آڑے ہاتھوں لیا۔
مینا خان آفریدی نے ڈی پی او اٹک کو تحریک انصاف کے مظاہرین کو روکنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ 24 نومبر کو ہم آپ کے تمام ہتھکنڈوں کو کچل دیں گے اور ڈی چوک اسلام آباد پہنچیں گے۔ انہوں نے 4 اکتوبر کے احتجاج کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے نہتے کارکنان پولیس کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود اٹک عبور کر کے ڈی چوک اسلام آباد پہنچے تھے۔
خیال رہے کہ ڈی پی او اٹک غیاث خان نے آزاد ڈیجیٹل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کے کتنے ہی کارکنان پنجاب کی طرف کیوں نہ آئیں، انہیں اٹک سے داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈی پی او اٹک کا کہنا تھا کہ اٹک ہماری ریڈ لائن ہے اور ہم کسی کو بھی اسے عبور کر کے اسلام آباد نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ پنجاب پولیس کے 15 سے 20 ہزار اہلکار نیم فوجی دستوں کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی کے جتنے لوگ لائے ہیں، انہیں روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ڈی پی او نے بتایا کہ اٹک میں پنجاب بھر سے 14 سے 15 سینئر پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ 24 نومبر تک 10 ہزار اضافی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔