انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تھانہ آئی نائن میں درج لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے علی امین گنڈا پور کی بار بار طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی۔
عدالت نے اس دوران فیصل جاوید، راجہ خرم اور واثق قیوم کے مچلکے منسوخ کر دیے۔ عدالت نے فیصل جاوید اور واثق قیوم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔ ملزمان کے خلاف تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 28 ستمبر کو پی ٹی آئی احتجاج کے کیس میں اڈیالہ جیل میں گرفتاری ڈال دی۔
راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی کے احتجاج کیس میں اڈیالہ جیل میں باضابطہ طور پر عمر ان خان کو گرفتار کر لیا ہے، عمران خان کے خلاف تھانہ نیوٹاؤن میں مقدمہ درج تھا۔ بانی پی ٹی آئی کیخلاف مقدمہ 7ATA, 21-I ATA اور 353, 186, 285,286,148, 149, 427, 109, 188 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کیا گیا ہے۔