سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے شیر افضل مروت کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر شیر افضل مروت کسی دوسری پارٹی سے کھڑے ہوں تو وہ کونسلر کی سیٹ بھی نہیں جیت سکیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کو پارٹی میں شامل ہوئے زیادہ وقت نہیں گزرا، اگر پی ٹی آئی کی پرفارمنس اچھی نہ ہوتی تو خیبرپختونخوا میں اسے اتنا بڑا مینڈیٹ نہ ملتا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کو ان حالات میں کامیاب کرایا جب پارٹی کے پاس انتخابی نشان تک نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر شیر افضل مروت کسی دوسری پارٹی سے کھڑے ہوں تو وہ کونسلر کی سیٹ بھی نہیں جیت سکیں گے، انہیں پریکٹیکل باتیں کرنی چاہئیں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وہ شیر افضل مروت کی باتوں پر مزیدتبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کی سابقہ صوبائی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ ملتا تو خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت نہ بنتی۔
ایبٹ آباد کے علاقے بکوٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے ماضی کے فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ماضی کے غلط فیصلوں پر ڈٹے رہنا بے وقوفوں اور جاہلوں کی نشانی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پسماندگی کو ترقی اور دھوکے کو حقیقت نہیں کہہ سکتےاور اس بات پر زور دیا کہ خیبر پختونخوا میں تیسری بار پی ٹی آئی کی حکومت بنی ہےلیکن اس بار حکومت کو کارکردگی دکھانی ہوگی۔
شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو دعوت دی کہ وہ عملی اقدامات کے ذریعے عوام کی توقعات پر پورا اتریں اور حکومت کی کارکردگی میں بہتری لائیں۔