190 ملین پائونڈ ریفرنس میں عدالت نے بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نےاڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت کی۔ اس دوران بشریٰ بی بی آج بھی عدالت میں پیش نہ ہو سکیں۔ ملزمہ کے وکیل کی جانب سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے یہ وارنٹ مسلسل عدم حاضری کے باعث جاری کیے ہیں۔
دوسری جانب توشہ خانہ 2 کیس میں ضمانت ملنے کے بعد عمران خان کی رہائی کی روبکار جاری کر دی گئی۔
عمران خان کی رہائی کی روبکار اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے جاری کی۔ اگر عمران خان کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو انہیں رہائی دی جائے۔ عمران خان کے 10 لاکھ روپے کے دو مچلکے طارق نون اور راجہ غلام سجاد نے جمع کروائے۔
تاہم گزشتہ روز تھانہ نیو ٹاؤن میں درج مقدمے میں عدالت نے پی ٹی آئی کے بانی اور سابق چیئرمین عمران خان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔ عدالت نے عمران خان کو 26 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔