توشہ خانہ کیس 2 میں عمران خان کی ضمانت کی منظوری کے بعد رہائی کی روبکار اڈیالہ جیل پہنچا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے عمران خان کی رہائی کی روبکار اڈیالہ جیل حکام کے حوالے کی۔تاہم اس کے باوجود عمران خان کو فوری طور پر رہا نہیں کیا جا سکا۔عمران خان اس وقت تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمہ میں جسمانی ریمانڈ پر راولپنڈی پولیس کی تحویل میں ہیں، جسے انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے گزشتہ روز پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔
مزید پڑھیں: عمران خان کسی سے ڈیل نہیں کریں گے نہ باہر جائینگے: بابر اعوان
دوسری جانب 190 ملین پائونڈ ریفرنس میں عدالت نے بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نےاڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت کی۔ اس دوران بشریٰ بی بی آج بھی عدالت میں پیش نہ ہو سکیں۔
ملزمہ کے وکیل کی جانب سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے یہ وارنٹ مسلسل عدم حاضری کے باعث جاری کیے ہیں۔ کیس کی مزید سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔