اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ کل ہونے والا احتجاج ہر صورت جاری رکھا جائے گا اور اس مرتبہ احتجاج سے واپسی نہیں ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہوا، جس میں بیرسٹر گوہر، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور شیخ وقاص اکرم نے شرکت کی۔ اجلاس میں کل کے احتجاج کی تیاریوں اور حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا، ساتھ ہی وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے احتجاج روکنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران تمام رکاوٹوں کو توڑ کر جلوس اپنی منزل تک پہنچے گا، اور ڈی چوک پر دھرنا دیا جائے گا۔اجلاس میں کارکنوں کی ممکنہ گرفتاریوں اور خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے اعلان کیا کہ کارکن تمام رکاوٹوں کو شکست دے کر اپنے احتجاج کی منزل یعنی ڈی چوک تک پہنچیں گے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ “کل قوم سڑکوں پر ہوگی، آئین کے تحت پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے، جس سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں مسلم ممالک کے ساتھ مثالی برادرانہ تعلقات استوار ہوئے، جو ان کے لیے فخر کا باعث ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے مارچ کے لیے بھرپور انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے، اور تمام کارکنوں کو پانی، نمک، اور شیلنگ سے بچنے کے لیے ماسک لانے کی تاکید کی گئی ہے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج ہر صورت کامیاب ہوگا اور حکومت کے خلاف اپنا پیغام پہنچایا جائے گا۔