اسلام آباد: 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج سے قبل اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے شرپسند کارکنان کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔ گزشتہ شب پولیس آفیسرز کی قیادت میں 27 ٹیموں نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے دوران پی ٹی آئی کے 200 شرپسند کارکنان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں مرد و خواتین شامل ہیں۔ گرفتار شرپسندوں سے اسلحہ اور ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں جو کہ 24 نومبر کے احتجاج کے دوران شر انگیزی کی ممکنہ کوششوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی کہ گرفتار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے اسلام آباد احتجاج کے پیش نظر لاہور پولیس نے پی ٹی آئی کے ایک ہزار سے زائد کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کو جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمات میں ملوث ہونے پر حراست میں لیا گیا۔پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے، اور اس سلسلے میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سپیشل سکواڈ تعینات ہیں۔
پولیس حکام نے کہا کہ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا اور لاہور میں کسی بھی قسم کے جلسے، جلوس یا ریلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسلام آباد اور لاہور پولیس نے ملزمان کی معلومات کو باہمی طور پر شیئر کرنے کے بعد کریک ڈاؤن شروع کیا۔