پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی رکاوٹوں کے باوجود اپنے احتجاجی منصوبے کا نیا لائحہ عمل جاری کر دیا۔
24نومبر کو اسلام آباد کی طرف فائنل مارچ کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے حکومتی اقدامات کے بعد پی ٹی آئی لاہور کی قیادت نے بتی چوک میں احتجاج ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
پی ٹی آئی لاہور کے احتجاج کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کریں گے۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے تحریک انصاف کے کارکنان اپنے شہروں میں سرگرم ہوں گے۔ اگر حکومت نے راستے کھولنے کا فیصلہ کیا تو پھر پی ٹی آئی کے کارکن اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
24 نومبر کو پی ٹی آئی کے کارکنان ہر ضلع اور تحصیل کی سطح پر احتجاج کریں گے اور اگر حکومت نے دھرنے کی اجازت دی تو یہ دھرنا غیر معینہ مدت تک جاری رکھا جائے گا۔ پارٹی کی مرکزی قیادت کی جانب سے یہ فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی ایجنڈے کو مزید مؤثر بنانے اور حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے کیا گیا ۔