پاکستان تحریک انصاف کے ملتان سے تین ارکان قومی اسمبلی کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ملتان سے اراکین اسمبلی عامر ڈوگر، زین قریشی اور معین ریاض قریشی کو گرفتار کرلیا گیا۔ تینوں پی ٹی آئی رہنمائوں کو نقص امن کے خطرے کے پیش نظر نظر بند کیا گیا۔ وہ عمران خان کی جانب سے احتجاجی کال میں شرکت کیلئے ملتان سے اسلام آباد آنیوالے قافلے کی قیادت کر رہے تھے۔
اس کے علاوہ چیچہ وطنی سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی رائے حسن نواز بھی احتجاجی ریلی سے گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ احتجاجی ریلی سے مزید 16 کارکنان کو بھی حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق ان ارکان کی گرفتاری اور نظر بندی کا مقصد ممکنہ طور پر امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنا تھا۔ ملک بھر کی طرح ملتان میں بھی انٹرنیٹ سروسز متاثر ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل خدمات میں خلل آنے کے باعث شہریوں نے حکومت سے انٹرنیٹ سروسز کی بہتری کا مطالبہ کیا ہے۔