تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں زمبابوے نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ سسٹم کے تحت پاکستان کو 80 رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلا گیا جس میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو فتح کیئے 206 رنز کا ہدف دیا ۔
زمبابوے کے 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بُری طرح لڑکھڑائی اور قومی ٹیم کے 6 بیٹرز 60 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ میچ کے 21 اوورز ہی مکمل ہوئے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ کو روک دیا گیا اورپھر مسلسل بارش کے باعث میچ کو ختم کرنا پڑا۔
اس سے قبل پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کرپہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ، پاکستان کی طرف سے فیصل اکرم نے ڈیبیو کیا۔ زمبابوے کی ٹیم 40.2 اوورز میں 205 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فیصل اکرم اور سلمان علی آغا نے3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کومیدان بدرکیا جبکہ عبداللہ شفیق نے ایک بیٹر کو رن آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ عامر جمال اور محمد حسنین نے 1،1 کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔ 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا۔
اوپنر صائم ایوب 11 اور عبداللہ شفیق ایک رن بنا کر جواب دے گئے۔ کامران غلام 17رنزہی بناسکے جبکہ سلمان آغا 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی 5ویں وکٹ 49 رنزپرگری اور قومی ٹیم کے آؤٹ ہونیوالے پانچویں کھلاڑی حسیب اللہ تھے جو صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ58 رنزپرگری۔ عرفان خان 7 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد مزید 2 رنز کے اضافے کے بعد بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا۔ کپتان محمد رضوان 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کیساتھ وکٹ پر عامر جمال موجود تھے جو کہ کوئی رنز نہ بناسکے۔
پاکستان کی فائنل الیون میں صائم ایوب ، عبداللہ شفیق،کامران غلام ، محمد رضوان ، حسیب اللہ ، سلمان آغا اور عرفان خان شامل تھے۔ا ن کے علاوہ عامر جمال ، حارث رؤف، محمد حسنین اور فیصل اکرم بھی فائنل الیون کا حصہ تھے۔