اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر واضح بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے مفادات اور ترجیحات سے کھیلنے یا انارکی پھیلانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔
ماڈل ٹاؤن میں وزیر اعظم کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر ملک کی ترقی کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، لیکن اللہ کے فضل سے پاکستان کی معیشت روز بروز بہتر ہو رہی ہے۔
انہوں نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کے مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور جہاں ممکن ہو، ان کے تحفظات کو دور کیا جائے۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام خدشات کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی دی۔