جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں پاکستان تحریکِ انصاف کے جاری احتجاج کے تناظر میں موٹر ویز اور دیگر شاہراہوں کے بند ہونے سے ممکنہ غذائی بحران کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے احتجاج کے تناظر میں موٹر ویز اور دیگر شاہراہوں کی بندش سے جڑواں شہر وں میں ملک کے دیگر شہروں سے گزشتہ چار روز سے پھل، سبزی ، گوشت، انڈوں اور پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی نہ ہونے سے ممکنہ غذائی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی گزشتہ چار روز سے موٹر ویز اور دیگر ہائی ویز کی بندش سےممکنہ غذائی قلت کا سامنا ہے۔ موٹر وے بند ہونے سے جنوبی پنجاب ، کمالیہ اور دیگر شہروں سے انڈوں اور مرغی کی رد شدید متاثر ہوئی ہے اور گزشتہ چار دن میں بہت سے سامان موٹر وے اور دیگر شاہراہوں پر ٹریفک بند ہونے سے پھنسا ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمالیہ سے روزانہ تیس سے چالیس لاکھ انڈے اور برائلر چکن جڑواں شہروں میں آتا ہے، جو موٹر وے بند ہونے سے نہیں پہنچ سکا ہے۔ اسی طرح سے جنوبی پنجاب کی مویشی منڈیوں سے بیشتر جانوروں کے ٹرک موٹر ویز اور مختلف انٹر چینجز پر پھنسے ہوئے ہیں اور بہت سے جانور وں کی ٹرکوں میں دم گھٹنے سے اموات بھی سامنے آئی ہیں۔
اسی طرح موٹر ویز اور دیگر شاہراہوں کی بندش سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اس سب کے تناظر میں اگر پی ٹی آئی کا احتجاجی دھرنا اسلام آباد میں آئیندہ دو تین روز جاری رہتا ہے تو صورتحال سنگین ہونے کا خدشہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے ظاہر کیا گیا ہے۔