راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف آج تین اہم سماعتیں متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق، عمران خان کا 28 ستمبر کو احتجاج کے معاملے پر 5 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
جہاں تھانہ نیوٹاون پولیس ان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کرے گی۔
دوسری جانب، 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں عمران خان کی جانب سے 342 کا بیان جمع کرانے کا امکان ہے۔ اس ریفرنس کی گزشتہ سماعت میں بشری بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے۔
اسی طرح توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان بھی ہے۔
اس کے علاوہ، آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کا بھی دن ہے، جس میں ان کے اہل خانہ اور قانونی ٹیم کی ملاقاتیں متوقع ہیں۔