پاڑاچنار: خیبر پختونخوا حکومت نے ضلع کرم میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث وہاں پھنسے جوڈیشل افسران کو ہیلی کاپٹر سروس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل افسران اور اْن کی فیملی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہاں سے محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا۔ پشاور ہائیکورٹ نے کرم میں جاری فسادات کی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت سے رابطہ کیا اور جوڈیشل افسران کی بحفاظت اپنے علاقوں تک لانے کیلئے انہیں فوری طور پر نکالنے کی درخواست کی۔ ہائیکورٹ کے اس رابطے کے بعد صوبائی حکومت نے جوڈیشل افسران کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع کرم میں گزشتہ چھ دن سے حالات کشیدہ ہیں، کشیدگی کی آڑ میں 40 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جس کی وجہ سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی نازک ہو گئی ہے۔