راولپنڈٰی: راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ میں 6 دن کی توسیع کر دی ہے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو آئندہ 2 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
پبلک پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم تفتیش کے عمل میں رکاوٹ ڈال رہا ہے اور شامل تفتیش ہونے سے انکار کر رہا ہے، جس کی وجہ سے تفتیش آگے نہیں بڑھ رہی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے احتجاج کی کال دینے کے حوالے سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقاتوں کا ریکارڈ بھی قبضہ میں لے لیا ہے۔
ظہیر شاہ نے کہا کہ مزید شواہد کے لیے پیمرا، ایف آئی اے، اور پی آئی ڈی کو خطوط ارسال کئے گئے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیان قلمبند کرانے سے انکار کے باعث مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکلاء نے جسمانی ریمانڈ کی توسیع کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم پر احتجاج کے لیے کارکنوں کو اکسانے کا الزام ہے، لیکن کوئی برآمدگی نہیں ہوئی، اس لئے ریمانڈ کی مزید توسیع کی ضرورت نہیں
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست منظور کرلی۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ نیو ٹاؤن راولپنڈی میں 28 ستمبر کو احتجاج کی کال دینے کا مقدمہ درج ہے اوراْن پر کارکنوں کو پرتشدد احتجاج کے لئے اْکسانے کا الزام ہے۔